دوحہ،9جون؍(ایس او نیو/آئی این ایس انڈیا)قطر اور عرب ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں دوحہ کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اپنے ملک سے متحدہ عرب امارات کو فراہم کی جانے والی گیس سپلائی کاٹنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر کے کوئی واضح مطالبات نہیں، تاہم کسی کو دوحہ کی خارجہ پالیسی میں مداخلت کا حق نہیں دیا جا سکتا۔قطری وزیر نے مزید کہا کہ سفارتکاری اب بھی قطر کا ترجیجی پلیٹ فارم ہے۔محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے خلیجی ریاست یو اے ای پر کاری ضرب لگاتے ہوئے الزام عاید کیا کہ تجارتی صورتحال کو سیاسی ٹول کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عندیہ ظاہر کیا کہ یو اے ای بجلی بنانے کے لئے جو گیس استعمال کرتا ہے اس کا چالیس فیصد قطر فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے قطر کو اشیائے خورنی فراہمی کی پیشکش کی تحسین کرتے ہوئے کہا تہران نے اس مقصد کے لئے اپنی تین بندرگاہیں مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خلیجی تنازع سے پورے خطے کا استحکام خطرے میں ہے۔ انہوں نے اس تنازع کے حل کے لئے کسی فوجی آپشن کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔